کیلیفورنیا: فیس بک کے مالک مارک زکربرگ نے فیس بک پر جعلی خبروں کی اشاعت روکنے کے لیے نیا منصوبہ تیار کیا ہے اور اُن کے مطابق نئی منصوبہ سازی سے کسی حد اس مسئلے پر قابو پایا جا سکتا ہے۔
حال ہی میں فیس بک پر غلط خبروں کے معاملے پر تنازع اس وقت کھڑا ہوا تھا جب بعض صارفین نے کہا کہ فیس بک پر پھیلنے والی غلط خبریں امریکی صدارتی انتخاب کے نتائج پر اثرا انداز ہوئی ہیں۔
جعلی خبروں پر روک تھام کے لیے منصوبوں کا اعلان کرتے ہوئے مارک زکربرگ نے غلط خبروں کو سنجیدگی سے لینے اور ان کی اچھی طرح سے جانچ اور تصدیق کرنے پر زور دیا ہے۔
فیس بک پر اپنی ایک پوسٹ میں انھوں نے کہا ہے کہ 'ہم اس مسئلے پر کافی عرصے سے کام کر رہے ہیں اور ہم اپنی اس ذمہ داری کو سنجیدگی سے لیتے ہیں۔' لیکن انھوں نے یہ بھی کہا کہ 'یہ مسائل فلسفیانہ اور تکنیکی دونوں نقطہ نظر سے کافی پیچیدہ ہیں۔'
ان کا کہنا تھا کہ وہ کسی بھی طرح کی رائے کے شیئر کرنے کی حوصلہ شکنی نہیں کرنا چاہتے اور نہ ہی سچ کا ثالث بننا چاہتے ہیں۔ غلط خبروں پر جعلی مواد کا وارننگ لیبل بھی لگانے کی تجویز پر غور کیا جا رہا ہے۔
مارک زکربرگ نے کہا کہ فیس بک غلط خبروں کی بیخ کنی کے لیے فی الحال، بشمول اچھی طرح سے پتہ لگانے اور تصدیق کرنے سمیت، ایسی سات تجاویز پر بڑی محنت سے کام کر رہا ہے۔