لیما:امریکی صدر باراک اوباما اپنے دورِ صدارت کے آخری دورے پر لاطینی امریکی ملک پیرو کے دارالحکومت لیما پہنچ گئے ۔غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق وہ لیما میں ایشیا پیسیفک اکنامک فورم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ لیما پہنچنے سے قبل اوباما نے یونان اور جرمنی کا دورہ مکمل کیا تھا۔ وہ میزبان ملک پیرو کے صدر پیدرو پبلو کوچنسکی کے ساتھ ملاقات کریں گے۔
وہ لیما کے ٹاون ہال میں پیرو کی نوجوان نسل کے نمائندوں سے کھلے ماحول میں بات چیت کریں گے۔ اس کے علاوہ وہ چینی صدر شی جن پنگ سے بھی الوداعی ملاقات کریں گے۔ جس کے بعد سمٹ کے اجلاس میں شریک ہونے کے علاوہ وہ آسٹریلوی وزیراعظم میلک ٹرن بل سے ملیں گے۔