چہلم شہدائے کربلا، کل موبائل فون بند رہیں گے

چہلم شہدائے کربلا، کل موبائل فون بند رہیں گے

اسلام آباد: شہدائے کربلا کے چہلم کے موقع پر سندھ، گلگت بلتستان میں مکمل اور خیبر پختونخوا کے چار اضلاع میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

ذرائع وزارت داخلہ کےمطابق کل  پورے سندھ اور گلگت بلتستان میں موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ سندھ میں موبائل فون سروس دن 12 بجےسے رات10 بجے تک اور گلگت بلتستان میں موبائل فون سروس دن 12 بجے سے رات 6 بجے تک بند رہے گی۔

خیبرپختونخوا کے چار اضلاع پشاور، کوہاٹ، ڈی آئی خان اور ٹانک میں بھی موبائل فون سروس دن 12بجے بند کردی جائے گی۔ پشاور میں موبائل فون سروس رات10، کوہاٹ میں رات9، ٹانک میں رات7 بجے اور ڈی آئی خان میں موبائل فون سروس رات 6بجے بحال کی جائے گی۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ موبائل فون سروس بند رکھنے کا فیصلہ انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر کیا گیا اور موبائل فون سروس بند کرنے کے حوالے سے پی ٹی اے کو آگاہ کردیا گیا۔