پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کر لیا

10:10 PM, 20 May, 2024

نیوویب ڈیسک

لاہور:پنجاب اسمبلی نے ہتک عزت بل 2024ء منظور کر لیا۔ اپوزیشن نے بل کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے بل کی کاپیاں پھاڑ دیں اور صحافیوں نے ملک گیر احتجاج کا اعلان کردیا۔

بل وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے پیش کیا۔ا یڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق نے بل کے اہم نکات اور اپوزیشن کے اعتراضات کا جواب دیا ۔

اپوزیشن کی تمام ترامیم مسترد کردی گئیں ،،اپوزیشن نے بل کو کالا قانون قرار دے دیا ۔  بل کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر ہوگا۔

بل کے تحت پھیلائی جانے والی جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا، بل کا یوٹیوب، ٹک ٹاک، ایکس/ٹوئٹر، فیس بک، انسٹا گرام کے ذریعے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر بھی اطلاق ہوگا۔

اپوزیشن  اور صحافی تنظیموں نے   بل کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اندر بھرپور احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اپوزیشن کا ایوان میں ہنگامہ ہوا۔

 ارکان نے بل کے خلاف ایوان میں نعرے بازی کی۔پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے اعلان کیا کہ ہم ہتک عزت بل کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔

مزیدخبریں