لاہور:صحافتی تنظیموں اور اپوزیشن کےتحفظات کے باوجودہتک عزت بل2024ء پنجاب اسمبلی میں پیش کردیاگیا۔وزیر پارلیمانی امور مجتبیٰ شجاع الرحمن نے بل ایوان میں پیش کیا، بل کا اطلاق پرنٹ، الیکٹرونک اور سوشل میڈیا پر ہوگا۔
بل کے تحت پھیلائی جانے والی جھوٹی اور غیر حقیقی خبروں پر ہتک عزت کا کیس ہو سکے گا، بل کا یوٹیوب، ٹک ٹاک، ایکس/ٹوئٹر، فیس بک، انسٹا گرام کے ذریعے پھیلائی جانے والی جعلی خبروں پر بھی اطلاق ہوگا۔
اپوزیشن اور صحافی تنظیموں نے بل کے خلاف پنجاب اسمبلی کے اندر بھرپور احتجاج کیا۔اپوزیشن لیڈر ملک احمد خان بھچر کی قیادت میں اپوزیشن کا ایوان میں ہنگامہ ہوا۔ ارکان نے بل کے خلاف ایوان میں نعرے بازی کی۔
اپوزیشن نے بل کے خلاف پلے کارڈز بھی اپنی نشستوں پر آویزاں کردیئے۔اپوزیشن نےبل مسترد کرنے کااعلان کردیا۔پنجاب اسمبلی کا اجلاس 2 گھنٹے 24 منٹ کی تاخیر سے شروع ہوا۔
پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن نے اعلان کیا کہ ہم ہتک عزت بل کو مسترد کرتے ہیں اور اس کے خلاف ہر فورم پر آواز اٹھائیں گے۔