ممبئی: بھارت میں انتخابات کے پانچویں مرحلے کا آغاز ہوچکا ہے۔ بالی وڈ سٹارز نے اپنا حق رائے دہی استعمال کردیا۔
بھارت میں لوک سبھا انتخابات کے پانچویں مرحلے میں 8 ریاستوں کی 49 نشستوں پر 695 امیدوارمدمقابل ہیں۔بالی وڈ کنگ شاہ رخ خان اپنی فیملی کے ساتھ ممبئی کے مقامی پولنگ سٹیشن پر ووٹ ڈالنے آئے۔گوندا ، انوپم کھیر،انیل کپور ،منوج باجپائی اور رنویر سنگھ نے دیپیکا سمیت ممبئی میں اپنے ووٹ کاسٹ کیے۔
اداکار سنیل شیٹھی ،ہیما مالنی اور انکی بیٹی ایشا دیول ،ودیا بالن اورریتک روشن نے بھی حق رائے دہی استعمال کیا ۔شلپا شیٹھی بھی فیملی کے ہمراہ ووٹ ڈالنے پہنچی۔سنجے دت ،ملائیکا اروڑا،عامر خان ،سیف علی ،کرینہ کپور،کیارا اڈوانی،زرین خان،بھومی پدنیکر، رنبھیر کپوراور اننیا پانڈے نے بھی لوک سبھا کے انتخابات میں اپنا اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔بھارتی کرکٹر اجنکیا راہانے،سوریا کمار یادو اور سچن ٹنڈولکر نے بھی اپنا حق رائے دہی استعمال کیا۔
دنیا کا سب سے بڑا الیکشن 19 اپریل کو شروع ہوا اور یکم جون کو اختتام پذیر ہوگا، ووٹوں کی گنتی 4 جون کو کی جائے گی۔اس مرحلے میں مالیاتی دارالحکومت ممبئی اور اپوزیشن پارٹی گاندھی خاندان کے گڑھ میں الیکشن منعقد کیے جائیں گے۔
وزیر اعظم نریندر مودی نے گزشتہ ہفتے شہر میں انتخابی مہم چلاتے ہوئے کہا تھا کہ ممبئی کے لیے ہمارے وژن کا مرکز بہتر انفراسٹرکچر اور رہنے کی آسانی فراہم کرنا ہے۔
سیاسی طور پر اہم ریاست اتر پردیش میں کانگریس پارٹی کے نہروگاندھی خاندان کے 2 حلقوں میں بھی انتخابات ہونے جا رہے ہیں، راہول گاندھی جنوبی وایناڈ کے علاوہ رائے بریلی کی سیٹ سے بھی انتخاب لڑ رہے ہیں، وایناڈا میں پہلے ہی انتخابات ہوچکے ہیں۔