تہران : سابق ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے صدر ابراہیم رئیسی کے ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے حادثے کا ذمہ دار امریکا کو قرار دے دیا۔
ایرانی سرکاری میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر حادثے کی ذمہ داری امریکی پابندیوں پرعائد ہوتی ہے، امریکی پابندیوں کے باعث ایرانی ایوی ایشن انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی عوام امریکی حکومت کے جرائم کو فراموش نہیں کریں گے اور ایران عوام کے تعاون سے تمام مشکلات پرقابو پالے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز ایک ہیلی کاپٹر حادثے میں ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اور وزیرخارجہ حسین امیر عبداللہیان دیگر ساتھیوں کے ساتھ جاں بحق ہوگئے۔