اگر جمعہ تک ججز تعیناتی رپورٹ پیش نہیں کی جاتی تو وزیراعلی پنجاب پیش ہوں، عدالت

 اگر جمعہ تک ججز تعیناتی رپورٹ پیش نہیں کی جاتی تو وزیراعلی پنجاب پیش ہوں، عدالت

لاہور: لاہور ہائیکورٹ نے خصوصی عدالتوں میں ججز تعیناتی کےلئے حکومت پنجاب کو ایک اور موقع دیتے ہوئے کہا کہ اگر جمعہ تک ججز تعیناتی رپورٹ پیش نہیں کی جاتی تو وزیراعلی پنجاب پیش ہوں۔ 

چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ ملک شہزاد احمد نےخصوصی عدالتوں میں ججز کی عدم تعیناتیوں کےکیس کی سماعت کی، رجسٹرار لاہور ہائیکورٹ عبدالرشید عابد بھی کمرہ عدالت میں موجود  تھے، ایڈووکیٹ جنرل پنجاب خالد اسحاق اور پراسیکیوٹر جنرل پنجاب فرہاد شاہ بھی عدالت پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ عدالت نے ججز تعیناتی کےلئے حکومت کو گذشتہ سماعت پر آخری موقع دیا۔اگر ججز نہیں لگانے اور بار بار تاریخ مانگنی ہے توواضع طور پر بتایاجائے تاکہ عدالت اپنا حکم سنائے۔

عدالت نے ایڈیشنل اٹارنی جنرل سے استفسار کیا کہ بینکنگ عدالتوں میں ججز کیوں نہیں لگائے جارہے۔جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے جواب دیا کہ ہمیں کوئی مشاورت نہیں کرنی اور نہ ہی تعیناتی پر کوئی اعتراض ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ وفاقی حکومت کاکردار سامنے ہے پنجاب حکومت کیوں معاملے کو لٹکارہی ہے۔

دوران سماعت حکومتی کمیٹی کےکنونئیر نے عدالت میں سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی۔ عدالت نے کہا کہ کمیٹی کے کنونئیر نے عدالت کو بتایاکہ ججز تعیناتی کے حوالے سے معاملہ پنجاب کابینہ کےپاس ہے۔

ممبر آف کمیٹی عدالت کےروبرو پیش ہوئے۔

چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ الجہاد ٹرسٹ کیس کی روشنی میں ججزکی تعیناتی چیف جسٹس کا اختیار ہے۔جس پر  خالداسحاق ایڈووکیٹ جنرل پنجاب  نے کہا کہ چیف جسٹس کی جانب سے ججز تعیناتی پر حکومت کو اعتراض نہیں۔

بعد ازاں عدالت نے کیس کی سماعت 24 مئی تک ملتوی کردی۔ 

مصنف کے بارے میں