سانحہ 9 مئی کے ذمہ داروں کے خلاف آرمی ایکٹ کے تحت کارروائی شروع کردی: آرمی چیف کا بڑا اعلان 

09:45 PM, 20 May, 2023

لاہور :آرمی چیف جنرل عاصم منیر باجوہ نے کہا ہے سانحہ 9 مئی میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف مقدمے کا قانونی عمل پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت شروع ہو چکا ہے۔

آئی ایس پی آر کےمطابق آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے لاہور کا دورہ کیا اور یاد گار شہدا پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور مادر وطن کےلئے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، آرمی چیف کو 9 مئی کے واقعات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔


آرمی چیف نے جناح ہاؤس اور فوج کی ایک تنصیب کا بھی دورہ کیا۔جنرل عاصم منیر نے جناح ہاوس سمیت تنصیبات دیکھیں جہاں سیاسی شرپسندوں نے حملے کئے،کور ہیڈ کوارٹرز میں گیریژن افسران اور سپاہیوں سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا سانحہ 9 مئی میں ملوث منصوبہ سازوں، اکسانے والوں، حوصلہ افزائی کرنے والوں اور مجرموں کے خلاف مقدمے کا قانونی عمل پاکستان آرمی ایکٹ اور آفیشل سیکرٹ ایکٹ کے تحت شروع ہو چکا ہے،انھوں نے کہافوج اپنی طاقت عوام سے حاصل کرتی ہے۔


جنرل عاصم منیر نے کہا کہ فوج اور پاکستان کے عوام کے درمیان دراڑ پیدا کرنے کی کوئی بھی کوشش ریاست کے خلاف ایک ایسا عمل ہے جو  کسی بھی حالت میں نہ تو قابل برداشت ہے اور نہ ہی قابل معافی ہے۔ دشمن اور دشمن قوتیں اور ان کے حامی جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کے ذریعے انتشار پھیلانے کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں لیکن انشاء اللہ دشمن کے ایسے تمام عزائم کو قوم کے تعاون سے ناکام بنایا جائے گا۔


بعد ازاں آرمی چیف نے سروسز ہسپتال لاہور کا بھی دورہ کیا اور ڈی آئی جی علی ناصر رضوی کی خیریت دریافت کی جو 9 مئی کے واقعے میں سیاسی شرپسندوں کے ہاتھوں زخمی ہوئے تھے۔انھوں نے قربان لائنز کا بھی دورہ کیا اور پولیس حکام سے ملاقات کی۔ آرمی چیف  نے پولیس کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا، فسادات / توڑ پھوڑ کے دوران ان کی پیشہ ورانہ مہارت اور تحمل کو سراہا، اس سے قبل آمد پر کور کمانڈر لاہور نے آرمی چیف کا استقبال کیا۔

مزیدخبریں