فوجی تنصیبات پر حملے میں قیادت ملوث نہیں، کوئی کارکن ملوث ہے تو اس کی مذمت کرتا ہوں : عمران خان 

09:31 PM, 20 May, 2023

نیوویب ڈیسک

لاہور : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ فوجی تنصیبات پر حملے میں قیادت ملوث نہیں اگر کارکن ملوث ہیں تو اس کی مذمت کرتا ہوں۔  مجھے کہا جاتا ہے کہ بیرون ملک چلے جاؤ مگر میں کیوں اپنے ملک کو چھوڑ کر باہر جاؤں۔

ہفتے کو اپنے ویڈیو خطاب میں عمران خان نے کہا کہ نو مئی کے واقعات اور بالخصوص عسکری تنصیبات پر ہونے والے حملوں میں پی ٹی آئی کے کارکنان براہ راست ملوث نہیں ۔ انہیں سادہ کپڑوں میں آکر لوگوں نے ورغلایا اور پھر چلے گئے۔

عمران خان نے کہا کہ اس کے باوجود بھی میں پیش کش کرتا ہوں کہ اگر کسی کارکن کی تصویر، ویڈیو موجود ہے تو وہ ہمیں دیں ہمارا کارکن خود قانون کے آگے سرنڈر کرے گا اور تفتیش میں تعاون کرے گا۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ میں نے چیف جسٹس کو بھی بتایا اور پوری قوم گواہ ہے کہ ستائیس سالہ سیاسی جدوجہد میں کبھی پُرتشدد کارروائیوں کی بات نہیں کی بلکہ ہمیشہ امن سے رہنے کا درس دیا، اسلام آباد ہائیکورٹ سے گرفتاری اداروں اور قوم کو لڑوانے کی سازش تھی کیونکہ مجھے پولیس بھی گرفتار کرسکتی تھی مگر رینجرز کا انتخاب کیا گیا اور وکلا سمیت عدالتی احاطے میں توڑ پھوڑ کی گئی۔

عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی مرکزی قیادت نے بھی کارکنان کو مشتعل نہ ہونے کی ہدایت کی اور اُن سے بار بار جلاؤ گھیراؤ نہ کرنے کی درخواست کرتے رہے کیونکہ ہمارے منشور میں پُرامن جدوجہد شامل ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پی ڈی ایم یا مقتدر لوگ پی ٹی آئی کو راستے سے ہٹانے اور مجھے مائنس کرنے کا کوئی ایک فائدہ بتا دیں تو میں ملکی مفاد کی خاطر خود اپنی حقیقی آزادی کی جدوجہد سے دستبردار ہوجاؤں گا۔

مزیدخبریں