تحریک انصاف کے لئے ایک اور دھچکا، ذوالفقار علی شاہ اور ڈاکٹر ہشام انعام اللہ نے راہیں جدا کر لیں

03:11 PM, 20 May, 2023

اسلام آباد: 9 مئی کے واقعات کے بعد پاکستان تحریک انصاف ٹوٹ پھوٹ کا سلسلہ جاری ہے۔ عامر کیانی، امین اسلم، جے پرکاش، محمود باقی مولوی، سنجے گنگوانی اور کریم گبول کے بعد اب خیبرپختونخوا کے سابق وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ اور  پاکستان تحریک انصاف کے سینئر رہنما سید ذوالفقار علی شاہ نے بھی پی ٹی آئی سے راہیں جدا کرلیں۔

خیبرپختونخوا کے سابق وزیر ڈاکٹر ہشام انعام اللہ  نے اپنی پریس کانفرنس میں تحریک انصاف چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ میں غداروں کی صف میں اپنا نام نہیں لکھوانا چاہتاہوں۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ نو مئی کے واقعات ناقابل معافی ہیں۔میں سوچ بھی نہیں سکتا تھا کہ پی ٹی آئی کے کارکنان احتجاج کی آڑ میں اس حد تک چلے جائیں گے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما ذوالفقار علی شاہ نے بھی نیوز کانفرنس کرتے ہوئے پی ٹی آئی چھوڑنے کا اعلان کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ 9 مئی کے واقعات نے بہت زیادہ دلبرداشتہ کردیا ہے۔ آج ہم شہداء کی یادگاریں جلا رہے ہیں کیا کل ان کی قبریں بھی اکھاڑدیں گے؟   

انہوں نے مزید کہا کہ میرے خون میں یہ بات شامل نہیں کہ میں اپنے ملک کےخلاف چلا جاؤں۔ میں پاک فوج کےخلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کے ساتھ نہیں رہ سکتا ہوں۔

مزیدخبریں