لاہور: وفاقی وزیرجاوید لطیف نے کہا کہ عمران خان کی سہولت کاری بیرون ملک سے ہورہی ہے۔ پاکستان کو نقصان پہنچانے والوں کے ہاتھ نہ کاٹے گئے تو بہت نقصان ہوگا۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئےنون لیگی رہنما نے کہا کہ عمران خان 60 ارب روپے کی کرپشن کو چھپانا چاہتے ہیں، عمران خان کی سابق حکومت نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر کے رکھ دیا ہے اور اب بھی یہ یہی چاہتے ہیں کہ قوم کوکوئی ریلیف نہ ملے۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کے دھرنوں کےدوران پی ٹی وی اور وزیراعظم ہاؤس پر حملہ کیا گیا۔ حکومت کو چاہیے تھا کے 2014 میں سرکاری اداروں پر حملہ کرنے والوں اور 2017 کے کرداروں کو بے نقاب کرتے۔ اگر ان لوگوں کو ماضی میں سزائیں دے دی جاتیں تو 9 اور 10 مئی کے واقعات بھی نہ ہوتےاور آج صورتحال بہت مختلف ہوتی۔
جاوید لطیف نے کہا کہ آج بیرونی قوتیں پاکستان میں سیاست کر رہی ہیں، وہ ادارے جو سیاست نہں کر سکتے ان میں بیٹھے لوگ بھی سیاست کر رہے ہیں، کیا دنیاکے مالیاتی ادارے پاکستان میں سیاست نہیں کر رہے؟
وفاقی وزیر نے کہاکہ گزشتہ حکومت میں اپوزیشن کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا گیاتھا، 2018 میں جب آر ٹی ایس بند ہوا تھا تب تو کسی کو تشویش نہیں ہوئی تھی، گزشتہ دور میں جب ظلم کیا گیا تھا تو کیا اس پر کہیں سے کوئی خط آیا تھا؟
انہوں نے پریس کانفرنس میں مزید کہا کہ عالمی سازشوں کا آلہ کار بننے والے کسی رعایت کےمستحق نہیں ہیں، کیا افسوس اور مذمت سے ہمارے اداروں کی جگ ہنسائی کا ازالہ ہوسکےگا؟
وفاقی وزیرجاوید لطیف نے کہا کہ یہ نہیں ہوسکتا کہ ملکی معیشت سے کھیلنےوالے اور املاک کو نقصان پہنچانےوالوں کو معاف کردیا جائے۔