امریکہ کے بعد بلاول بھٹو کا دورہ چین 

11:58 PM, 20 May, 2022

بیجنگ: پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری 21 سے 22 مئی تک چین کا سرکاری دورہ کریں گے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان وانگ وین بن نے جمعہ کوبتایا کہ  وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری چین کے ریاستی کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی کی دعوت پرچین کا دورہ کررہے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق کامیاب دورہ امریکہ کے بعد اب وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری چین کے ریاستی کونسلر کی دعوت پر چین کا دورہ کر رہے ہیں ،حنا ربانی کھر اور اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ ہوں گے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا 21 سے 22 مئی تک کا دورہ گزشتہ ماہ اقتدار سنبھالنے کے بعد ان کا بیرون ملک پہلا دوطرفہ دورہ ہوگا،دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر اور اعلیٰ حکام وزیر خارجہ کے وفد کا حصہ ہوں گے۔

دورے کے دوران بلاول اسٹیٹ کونسلر اور وزیر خارجہ وانگ یی سے وسیع مشاورت کریں گے۔ دفتر خارجہ کا کہنا ہے دونوں رہنما دو طرفہ تعلقات کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیں گے، خاص طور پر پاکستان اور چین کے درمیان مضبوط تجارتی اور اقتصادی تعاون پر توجہ دی جائے گی۔

چین پاکستان اقتصادی راہداری پر تیز رفتار پیشرفت اور صدر شی جن پنگ کے وژنری بیلٹ اینڈ روڈ انیشی ایٹو کے فلیگ شپ منصوبے بھی بات چیت میں شامل ہوں گے۔ دونوں فریقین اہم علاقائی اور بین الاقوامی امور پر بھی وسیع پیمانے پر تبادلہ خیال کریں گے۔

مزیدخبریں