لندن :پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف نے حکومت چھوڑنے کا سگنل دیدیا ،دو اہم ترین قوانین کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی تحلیل کرنے پر غور کیا جا رہا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعظم نے موجودہ صورتحال کو مد نظر رکھتے ہوئے قومی اسمبلی تحلیل کرنے کا عندیہ دیدیا ،نواز شریف نے حکومت چھوڑنے کا سگنل دیدیا ،ذرائع نے کہا ہے کہ 2 اہم قوانین کی منظوری کے بعد قومی اسمبلی تحلیل کر نے پرغور کیا جارہا ہے جبکہ نیب قوانین میں ترمیم ، الیکشن اصلاحات رواں اجلاس میں منظور کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ نگراں وزیراعظم اور چیئرمین نیب کے تقرر پر حکومت فوری مشاورت کرے گی ، اس سلسلے میں رات گئے اہم اجلاس میں موجودہ صورتحال پرتفصیلی مشاورت کی گئی، ن لیگ قیادت بڑے فیصلوں کیلئے حمایت نہ ملنے پرمایوس ہے اور سیاسی استحکام اور بڑے فیصلوں کیلئے گارنٹی چاہتی ہے۔
اس سے قبل قومی اسمبلی کےلئے راجہ ریاض کو اپوزیشن لیڈر مقرر کردیا گیا ہے ، راجہ ریاض کو 16 ممبران کی جانب سے حمایت حاصل تھی ، قومی اسمبلی سیکریٹریٹ سےکچھ دیر بعد باضابطہ نوٹیفیکیشن جاری ہوگا۔