آج گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہو گیا، اسد عمر کا الیکشن کمیشن کے فیصلے پر ردعمل

03:46 PM, 20 May, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ آج اس گھناؤنی سیاست کا ایک اور باب بند ہو گیا، آج 25 لوٹے ارکان اسمبلی نہیں رہے۔ 
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کو ڈی سیٹ قرار دئیے جانے کے الیکشن کمیشن کے فیصلے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے قوم کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ لوگ پیسہ لگا کر حکومت میں آتے ہیں اور مزید پیسہ کماتے ہیں۔ 
ان کا کہنا تھا کہ اسمبلیوں میں ارکان خریدے جاتے ہیں اور سینیٹ کی سیٹیں خریدی جاتی ہیں ، اس قسم کی سیاست کے خلاف جہاد عمران خان نے کیا اور اب یہ 25 لوٹے ارکان اسمبلی نہیں رہے، اب مشوروں کا وقت ختم ہو گیا، نئے الیکشن کا اعلان کریں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈی سیٹ قرار پانے والے لوٹوں پر کروڑوں روپے کی سرمایہ کاری کرنے والوں سے ہمدردی کا اظہار کرنا چاہتا ہوں، یہاں سیاسی پارٹیوں نے سیاست کو کاروبار کے طور پر استعمال کیا۔
واضح رہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے پی ٹی آئی کے 25 منحرف ارکان پنجاب اسمبلی کیخلاف ریفرنس پر محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ منحرف ارکان پنجاب اسمبلی سے متعلق فیصلہ اتفاق رائے سے کیا گیا ہے۔ 
الیکشن کمیشن کے فیصلے کے مطابق پی ٹی آئی کے منحرف ارکان کے خلاف ریفرنس منظور کر لیا گیا ہے اور یوں پی ٹی آئی کے منحرف ہونے والے 25 ارکان پنجاب اسمبلی ڈی سیٹ قرار دیدئیے گئے ہیں۔ 
پی ٹی آئی کے ڈی سیٹ ہونے والے ارکان پنجاب اسمبلی ایک مہینے کے دوران الیکشن کمیشن کے فیصلے کے خلاف اپیل کر سکتے ہیں جبکہ سپریم کورٹ آف پاکستان 90 روز میں اپیل پر فیصلہ کرنے کی پابند ہے۔ 

مزیدخبریں