کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو نے تحریک عدم اعتماد کا مقابلہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ اگر تحریک عدم اعتماد لانے والے اقتدار میں آ کر خود بجٹ پیش کرنا چاہتے ہیں تو وہ یہ کوشش کر لیں۔
دوسری جانب تحریک عدم اعتماد جمع کرانے والے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال کا کہنا ہے کہ نئے وزیراعلیٰ کے حوالے سے تمام جماعتوں کا مشترکہ فیصلہ ہو گا اور جلد نئے وزیراعلیٰ کیلئے ایک متفقہ امیدوار کا انتخاب کر لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعلیٰ جام کمال اور سردار یار محمد رند نے 18 مئی کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی تھی جس پر 14 اراکین صوبائی اسمبلی کے دستخط موجود ہیں۔
ترجمان حکومت بلوچستان فرخ عظیم شاہ کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہو گی اور اگلے 5 سال بھی میر عبدالقدوس بزنجو ہی وزیراعلیٰ بلوچستان ہوں گے۔