اسرائیل فلسطینیوں کا مجرم ہے اور اسے جرائم کی قیمت چُکانا ہو گی، ترکی

10:01 PM, 20 May, 2021

نیو یارک: ترکی کے وزیر خارجہ چاوش اولو نے کہا ہے کہ اسرائیل فلسطینیوں کا مجرم ہے اور اُسے اپنے جرائم کی قیمت چکانا ہو گی جبکہ اس معاملے میں اقوام متحدہ بھی کردار ادا کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

ترکی کے وزیر خارجہ چاوش اولو نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا فلسطین میں جاری اسرائیلی مظالم نے عالمی برادری کو جھنجھوڑ ڈالا ہے کیونکہ اسرائیل نے غزہ کو دنیا کی سب سے بڑی کھلی جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہاں انسانیت سوز مظالم ڈھائے جارہے ہیں۔

انہوں نے واضح طور پر کہا کہ اسرائیلی ظلم وبربریت کی جتنی مذمت کی جائے وہ کم ہے اور دو ٹوک انداز میں کہا کہ اس معاملے میں اقوام متحدہ بھی کردار ادا کرنے میں ناکام ہو گیا ہے۔

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل فلسطینیوں کی نسل کشی کا مجرم ہے اور اسرائیل کو اپنے جرائم کی قیمت چکانا ہو گی۔ فلسطینیوں کی حفاظت کی ذمہ داری عالمی برادری کی ہے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ ان کی حفاظت کو یقینی بنایا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمیں فلسطینیوں کی قانونی و اخلاقی ضروریات پوری کرنا ہوں گی۔

مزیدخبریں