تہران ،ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی نے غزہ سے اسرائیل پر حملوں کی حمایت کرتے ہوئے کہا ہےکہ حماس کے حملوں نے مشرق وسطیٰ میں طاقت کا توازن بدل دیا ہے۔
تہران میں فلسطینیوں کی حمایت میں نکالی گئی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے جنرل حسین سلامی نے کہا کہ آج ہم نیا فلسطین دیکھ رہے ہیں جو میزائل سے اسرائیل کا مقابلہ کر رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نیا اسرائیل بھی دیکھ رہے ہیں جو کہ شکست خوردہ، مایوس اور اعتماد کھوچکا ہے۔
جنرل حسین سلامی نے دعویٰ کیاکہ فلسطینی میزائل سے لیس ہیں اور وہ اسرائیل کی صنعتیں اور ہوائی اڈے تباہ کرنےکی صلاحیت رکھتے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ جنگ صرف فلسطینیوں کی اسرائیل کے ساتھ نہیں بلکہ یہ تمام مسلمانوں کی عالمی سامراج کے خلاف جنگ ہے۔