اگر زمین پر کوئی دوزخ ہے، تو وہ غزہ کے بچوں کی زندگیاں ہیں‘ 

08:46 PM, 20 May, 2021

نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیوتیرس نے اسرائیل اور فلسطین کے درمیان جاری جنگ بندی کو فوری بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’ اگر روئے زمین پر کوئی دوزخ ہے تو وہ غزہ کے بچوں کی زندگیاں ہیں۔‘ 
تفصیلات کے مطابق فلسطین پر حالیہ اسرائیلی جارحیت کے معاملے پر بلائے گئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گیوتیرس کا کہنا تھا کہ ’اگر اس زمین پر کوئی دوزخ ہے تو وہ غزہ کے بچوں کی زندگیاں ہیں۔‘ 
انہوں نے فوری طور پر جنگ بندی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ میں غزہ پر اسرائیلی کی مسلسل اور فضائی اور زمینی بمباری پر ششدر ہوں۔ انتونیو گیوتیرس نے مزید کہا کہ حماس کی جانب سے اسرائیل پر برسائے گئے اندھا دھند راکٹ حملے بھی ناقابل قبول ہیں۔ 
واضح رہے کہ اسرائیل کی جانب سے غزہ پر بمباری کا سلسلہ آج بھی جاری ہے جس کے نتیجے میں کم از کم ایک فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوئے اور گزشتہ 11 دنوں سے جاری ان حملوں میں اب تک مجموعی شہادتوں کی تعداد 230 تک پہنچ چکی ہے جن میں 65 بچے بھی شامل ہیں۔ 
گزشتہ روز امریکی صدر جوبائیڈن نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو سے ٹیلی فونک رابطہ کر کے حالیہ صورتحال پر گفتگو کی تھی اور کہا تھا کہ وہ جلد ہی جنگ بندی کے معاملے پر پیش رفت ہوتی دیکھ رہے ہیں تاہم اس ٹیلی فونک رابطے کے کچھ ہی دیر بعد نیتن یاہو نے اپنے بیان میں ’مقاصد‘ کے حصول تک غزہ پر بمباری جاری رکھنے کا اعلان کیا تھا۔ 

مزیدخبریں