لاہور: سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف کو ضمانت پر رہائی ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق چوہدری نثار نے مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف سے ٹیلی فونک رابطہ کیا جس دوران موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال ہوا۔ ذرائع کے مطابق چوہدری نثار چند روز میں لاہور پہنچیں گے جس کے بعد دونوں رہنماﺅں کے درمیان ملاقات بھی متوقع ہے۔
لیگی ذرائع کے مطابق چوہدری نثار اور شہباز شریف مسلسل رابطے میں رہے ہیں اور ان کی لاہور آمد کے موقع پر شہباز شریف کیساتھ ملاقات بھی متوقع ہے اور اس موقع پر پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز بھی موجود ہوں گے۔
واضح رہے کہ سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایک بار پھر پنجاب اسمبلی کی نشست پر حلف اٹھانے کا فیصلہ کر لیا ہے، وہ 2018ءکے عام انتخابات میں پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 10 راولپنڈی سے ممبر صوبائی اسمبلی منتخب ہوئے تھے تاہم انہوں نے اسمبلی میں حلف نہیں اٹھایا تھا۔
چند روز قبل بھی چوہدری نثار کی جانب سے پنجاب اسمبلی کی رکنیت کا حلف اٹھانے کی خبریں زیر گردش تھیں مگر انہوں نے ان کی تردید کی تھی تاہم اب سابق وزیر داخلہ نے اپنے قریبی دوستوں اور رفقاءکیساتھ مشاورت کے بعد اپنا فیصلہ تبدیل کر دیا ہے اور جلد ہی وہ پنجاب اسمبلی میں حلف اٹھائیں گے۔
چوہدری نثار کا شہباز شریف کیساتھ ٹیلی فونک رابطہ، رہائی پر مبارکباد پیش کی
07:30 PM, 20 May, 2021