ممبئی ، بھارتی گلوکارہ نوپور سانون نے پاکستانی گلوکارہ کا گیت گا کر محبت کا پیغام دے دیا
بھارت جہاں ان دنوں کورونا وائرس کی تباہ کاریوں کی وجہ سے فنون لطیفہ کی مصروفیات انتہائی کم ہوگئی ہیں ایسے حالات میں بھارتی فنکار آن لائن اپنے جذبات کا اظہار کرتے نظر آرہے ہیں ۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی گلوکارہ نوپور سانون نے پاکستان کی معرو ف گلوکارہ مومنہ مستحسن کا مشہور گیت گاکر دوستی کا پیغام دیا ہے ۔
بھارتی گلوکارہ نے سوشل میڈیا ایپ پر گلوکارہ مومنہ مستحسن کا پنجابی گانا “باری” گایا یہ گیت بھارت میں بھی کافی مقبول ہوا ہے۔ اس گانے میں مومنہ مستحسن نے گلوکار بلال سعید کے ساتھ پرفارم کیا ہے، پنجاب کی روایتی ثقافت سے سجے گانے میں مومنہ اوربلال سعید کی متاثرکن پرفارمنس ہے۔
بھارتی گلوکارہ کریتی سانون کی بہن نوپور سانون نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر ایک ویڈیو شیئر کی جس میں انہوں نے گلوکارہ مومنہ مستحسن کا گانا گا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا ہے۔
اس ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے لکھا کہ آپ کے دل کی دیواریں ٹوٹنی تو چاہئیں لیکن کسی اچھے آدمی کیلئے اور اگر آپ کسی کھوئے ہوئے کو پانا چاہتے ہیں تو پہلے خود کو تلاش کرنا ہوگا، یہ اس گانے میں میری پسندیدہ لائنیں ہیں۔
اس ویڈیو میں انہوں نے مومنہ مستحسن اور بلال سعید کو بھی ٹیگ کیا ہے، سوشل میڈیا پر اس گانے کو مداحوں کی جانب سے خوب سراہا جارہا ہے صارفین اپنی پسندیدگی کا اظہار کررہے ہیں۔