مافیا کہتا ہے کہ این آر او نہ دیا تو حکومت گرا دیں گے، وزیراعظم

 مافیا کہتا ہے کہ این آر او نہ دیا تو حکومت گرا دیں گے، وزیراعظم
کیپشن: مافیا کہتا ہے کہ این آر او نہ دیا تو حکومت گرا دیں گے، وزیراعظم
سورس: فائل فوٹو

کوئٹہ: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میرا مقصد طاقتور کو قانون کو نیچے لانا اور غربت کم کرنا ہے لیکن مافیا انھیں بلیک میل کرنا چاہتا ہے کہ اگر این آر او نہ دیا تو حکومت کو گرا دیں گے۔

وزیراعظم نے نوکنڈی، ماشخیل شاہراہ کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان دیگر صوبوں سے بہت پیچھے رہ گیا ہے۔ نوکنڈی اور ماشکیل پر گزشتہ 70 سال سے توجہ نہیں دی گئی لیکن ہم پسماندہ علاقوں پر توجہ دے رہے ہیں اور شاہراہ کی تعمیر سے علاقے کے لوگوں کو فائدہ ہوگا۔

ان کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت کو بہت خراب معاشی حالات ملے اور اگر قرضوں کی قسطیں ادا نہ کرتے تو ڈیفالٹ کر جاتے جبکہ پہلا سال معیشت کو سنبھالنے میں گزرا تو دوسرے سال کورونا آ گیا اور ہم نے ملک کی معیشت اور عوام کو کورونا سے بچایا۔

عمران خان نے کہا کہ مخالفین کو اپنی سیاسی موت نظر آ رہی ہے اور مافیا کو خوف ہے کہ حکومت کامیاب نہ ہو جائے لیکن انشاء اللہ حکومت 5سال مکمل کرے گی۔

وزیراعظم نے کہا کہ مدینہ کی ریاست 2 چیزوں پر کھڑی تھی، قانون کی بالادستی اور انصاف۔ وہ معاشرے ترقی نہیں کرتے جہاں قانون کی بالادستی نہ ہو۔ چین نے اپنے غریب طبقے کو اوپر اٹھایا۔ چین نے 70 کروڑ لوگوں کو غربت سے نکالا۔ بھارت میں سب سے زیادہ امیر اور غریب میں فرق ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہیلتھ کارڈ انقلاب ہے، پرائیویٹ سیکٹر کی مدد سے دیہاتوں میں اسپتال بنا رہا ہوں۔ ماضی میں پرائیویٹ سیکٹر گاوَں اور دیہاتوں میں اسپتال نہیں بناتا تھا۔ خیبر پختونخوا کے تمام شہریوں کو ہیلتھ کار ڈ مل گیا ہے۔ پنجاب میں سال کے آخر تک تمام شہریوں کو ہیلتھ کار ڈ مل جائے گا۔

وزیراعظم نے کہا کہ پہلی بار پاکستان میں ایک نصاب لے کر آرہے ہیں۔ ہماری کوشش ہے کہ مزدور کو مفت کھانا اور رہائش دیں۔ کوشش ہے کہ ہر علاقے میں ٹرک چلیں تا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے۔ چاہتے ہیں کہ عام لوگوں کو اوپر آنے کا موقع ملے۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ 50 سال بعد پاکستان کی انڈسٹری اوپر اٹھ رہی ہے۔ زرعی اصلاحات کے ذریعے کسان کو ڈائریکٹ سبسڈی دیں گے۔ غربت کم کرنے کیلئے چھوٹے کسانوں کی مدد کرنا ہوگی۔ کسانوں کو پہلی بارگندم، گنا ، چاول میں وہ قیمت ملی جو ماضی میں کبھی نہیں ملی۔ ٹریکٹر ز کی فروخت میں 58فیصد اضافہ ہوا۔ غریب گھرانوں کو سبسڈی دیں گے۔ چاہتے ہیں کہ نچلے طبقے کی حفاظت کریں ان کو غربت سے نکالیں۔