لاہور: دنیا کے مقبول ترین سرچ انجن گوگل نے جلد، بالوں اور ناخنوں کی صحت جاننے کیلئے نیا اور جدید ٹول ’ڈرماٹالوجی اسسٹ‘ متعارف کروانے کا اعلان کیا ہے جو کسی بھی شخص کو لاحق ہونے والی ممکنہ بیماریوں سے متعلق آگاہ کرے گا۔
تفصیلات کے مطابق گوگل کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ صارفین اب باآسانی جان سکیں گے کہ ان کی جلد اور بالوں کو کسی قسم کی کوئی بیماری تو لاحق نہیں ہے اور ایسا کرنے کیلئے صارف کو اپنے موبائل کے کیمرے سے انفیکشن والی جگہ کی تین تصاویر لینی ہوں گی، مثال کے طور پر اگر صارف کے بازو پر ریش ہے تو گوگل اس کی علامات اور بیماریوں سے متعلق آگاہ کرے گا۔
گوگل ہیلتھ کی چیف آفیسر کیرن ڈی سیلوو کا کہنا ہے کہ کمپنی نے جلد کی حالت سے آگاہی کا یہ فیصلہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس (مصنوعی ذہانت) کو استعمال کرتے ہوئے کیا ہے، لوگ گوگل کے سرچ انجن میں جاکر بڑی تعداد میں اپنی جلد سے متعلق سوالات دریافت کرتے ہیں اور ہمیں سالانہ تقریباً 10 بلین سوالات موصول ہوتے ہیں۔
دی سیلوو نے اس اقدام کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ امید ہے یہ ٹول لوگوں کو درست معلومات فراہم کرنے میں مددگار ثابت ہوگا، یہ کم وقت میں لوگوں کی بڑی مشکل آسان کرنے کا اہل ہو گا اور کمپنی کو امید ہے کہ رواں سال کے آخر میں اسے تمام افراد کیلئے فراہم کر دیا جائے گا۔
گوگل نے یہ ٹول اپنی سالانہ ڈویلپر کانفرنس میں متعارف کروایا اور یہ اس وقت جلد سے متعلق 288 طرح کے مسائل کی نشاندہی کر سکتا ہے تاہم کمپنی کا کہنا ہے کہ صارفین کو اس ٹول کی مدد سے بیماری کی نشاندہی کے بعد علاج کیلئے ڈاکٹر سے ہی رجوع کرنا چاہئے۔