عین شادی کے وقت دولہا فرار، دلہن کو تقریب میں موجود نوجوان سے بیاہ دیا گیا

08:39 AM, 20 May, 2021

نئی دہلی: انڈیا سے ایک اور دلچسپ خبر سامنے آئی ہے جہاں عین شادی کے موقع پر دلہا منڈپ چھوڑ کر بھاگ گیا۔ دلہن کے والدین نے مجبوراً اپنی بیٹی کی شادی تقریب میں موجود ایک نوجوان سے کر دی

انڈین میڈیا کے مطابق یہ انوکھا واقعہ کانپور شہر میں پیش آیا۔ خبریں ہیں کہ باراتی خوب تیاریوں کیساتھ دلہن لینے پہنچے، دلہے کے ساتھیوں نے بینڈ باجے پر خوب ڈانس کیا۔ لیکن پھیرے لینے کی باری آئی تو دیکھا کہ دلہا میاں ہی غائب ہیں۔

باراتیوں نے دلہا کے سسرال والوں کیساتھ مل کر اسے ڈھونڈنے کی بھرپور کوشش کی۔ انھیں لگا کہ شاید اسے اغوا کر لیا گیا ہے اس لئے پولیس میں بھی رپورٹ درج کروائی گئی لیکن بے سود، دلہا کا کوئی پتا نہ چلا کہ اسے زمین کھا گئی یا آسمان؟ اور وہ کہاں ہے۔

تاہم بعد ازاں پتا چلا کہ دلہے میاں نہ تو اغوا ہوئے ہیں اور نہ ہی لاپتا، بلکہ وہ تو شادی ہی نہیں کرنا چاہتے اس لئے شادی کے منڈپ سے بھاگ گئے ہیں۔

یہ خبر پتا چلتے ہی دلہن کے گھر والوں پر تو جیسے قیامت ہی ٹوٹ پڑی۔ انھیں سب رشتہ داروں اور باراتیوں کے سامنے سخت شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا۔

اس تقریب میں موجود موقع کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے دلہن کے والدین کو مشورہ دیا کہ تقریب سجی ہوئی ہے، قریبی عزیز، رشتہ دار اور دوست بھی موجود ہیں، اس لئے مناسب یہی ہے کہ آپ اپنی لڑکی کا ابھی کسی اور سے بیاہ کر دیں۔

دلہن کے مجبور والدین کو یہ مشورہ پسند آیا اور انہوں نے شادی کی تقریب میں موجود ایک نوجوان کی رضامندی سے اس کی شادی اپنی بیٹی کیساتھ کر دی۔ انڈیا میں اس انوکھی شادی کی خبر خوب وائرل ہو رہی ہے۔

مزیدخبریں