لاہور: قومی ٹیم کے سابق کپتان محمد حفیظ نے کریبئین پریمیئر لیگ سے معاہدہ کر لیا ہے، وہ جلد ہی یہ لیگ کھیلنے ویسٹ انڈیز روانہ ہو جائیں گے۔
خبریں ہیں کہ محمد حفیظ کے علاوہ دیگر پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی کریبئین پریمیئر لیگ سے معاہدہ کر لیا ہے، کئی اہم نام جلد ہی اس لیگ کا حصۃ ہونگے اور ایکشن میں نظر آئیں گے۔
خیال رہے کہ محمد حفیظ اس سے قبل 2017ء میں سینٹ کٹس اور 2019ء میں نیوس پیٹریوٹس کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔
محمد حفیظ کا شمار پاکستانی کرکٹ کے کامیاب ترین بلے بازوں میں ہوتا ہے۔ انہوں نے اب تک 55 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی نمائندگی کی اور 3652 رنز بنا چکے ہیں۔
اس کے علاوہ محمد حفیظ 218 ون ڈے انٹرنیشنل کھیل کر 6614 رنز اپنے نام کر چکے ہیں۔ جبکہ ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں 106 میچوں میں انہوں نے 2388 رنز بنائے ہیں۔
کریبئین پریمیئر لیگ میں کل 33 میچ کھیلے جائیں گے۔ اس لیگ کی بائیو ببل میں 28 اگست سے شروع کی جائے گی۔ سی پی ایل کی شروعات ویسٹ انڈیز اور پاکستان کے درمیان سیریز کے بعد ہوگی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل کریبئین پریمیئر لیگ (سی پی ایل) نے پاکستان کے ابھرتے ہوئے کھلاڑی حیدر علی کو ٹاپ کیٹگری کیلئے چنا تھا۔
خبریں ہیں کہ نوجوان کھلاڑی حیدر علی کا سی پی ایل کی اہم ٹیم جمائیکا تلاواز کیساتھ ایک لاکھ 10 ہزار امریکی ڈالرز کا معاہدہ ہوا ہے۔
حیدر علی کو اب صرف پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کی اجازت ملنے کا انتظار ہے۔ بورڈ سے اجازت ملنے کے بعد وہ جلد کریبئین پریمیئر لیگ کا حصہ ہونگے۔
خیال رہے کہ حیدر علی نے 2020ء میں برطانوی ٹیم کیخلاف تیسرے ٹی ٹونٹی میچ میں اپنی بین الاقوامی کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔
حیدر علی نے اس میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچری بنائی تھی اور اپنا نام تاریخ میں درج کر وا لیا تھا کیونکہ کسی بھی پاکستانی کھلاڑی نے اپنے پہلے انٹرنیشنل ٹی ٹونٹی میچ نصف سنچری سکور نہیں کی تھی۔