تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا سے جاں بحق

12:38 PM, 20 May, 2020

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا وباءسے جاں بحق ہوگئی ہیں۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی شاہین رضا کورونا کا شکار ہوکر جاں بحق ہوگئی ہیں، ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے اس کی تصدیق کردی ہے۔

ڈپٹی کمشنر گوجرانوالہ سہیل اشرف نے بتایا کہ شاہین رضا کی 4 روز قبل طبیعت ناساز ہوئی۔ حالت بگڑنے پر انہیں علاج کے لیے ڈی ایچ کیو شفٹ کیا گیا جہاں وہ وینٹی لیٹر پر تھیں، جس کے بعد انہیں لاہور منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں۔

دوسری جانب محکمہ صحت پنجاب کے حکام کا کہنا ہے کہ مرحومہ کی میت ضروری کارروائی کے بعد گوجرانوالہ منتقل کی جائے گی۔واضح رہے کہ شاہین رضا گوجرانوالہ ضلع سے پی ٹی آئی کی واحد رکن پنجاب اسمبلی تھیں ، اس سے قبل سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر سمیت کئی اہم شخصیات کورونا کا شکار ہوچکی ہیں لیکن ملک میں کورونا کا شکار کسی منتخب رکن اسمبلی کی یہ پہلی ہلاکت ریکارڈ ہوئی ہے۔

دوسری جانب وزیر اعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب نے شاہین رضا کے انتقال پر انتہائی دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ شاہین رضا پارٹی کا قیمتی اثہ تھیں آج وہ ہم سے جدا ہوگئیں ،دونوں رہنماﺅں نے غمزہ خاندان سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ دکھ کی اس گھڑی میں برابرکے شریک ہیں۔

مزیدخبریں