اسلام آباد:فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ اسٹیٹس کو کا خاتمہ کیے بغیر ملک میں تبدیلی نہیں آ سکتی، وزیر اعظم عمران خان نئے پاکستان کی ایک ایک اینٹ اپنے ہاتھ سے رکھ رہے ہیں۔
معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے آئی ایم پاکستان کی تقریب سے خطاب میں کہا کہ آئی ایم پاکستان ورلڈ وائیڈ موومنٹ ملک کا مقدمہ لڑ رہی ہے، اوورسیز پاکستانی اس فورم سے ڈیم فنڈ کیلئے فنڈ ز دے رہے ہیں، اوورسیز پاکستانی ہمیشہ وزیر اعظم عمران خان کے دل کے قریب رہےہیں جو پاکستان کیلیے بے لوث کام کر رہے ہیں۔
مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ 70سالہ گلے سڑے نظام کو ختم کرنے کیلیے اسٹیٹس کو کا خاتمہ کرنا ہوگا، عمران خان نئے پاکستان کی ایک ایک اینٹ اپنے ہاتھ سے رکھ رہے ہیں ہمارے کچھ نادان دوست ملک کے خلاف سازشیں کر رہے ہیں اورپاکستان میں عدم استحکام پیدا کرنےکی کوشش کر رہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ اپوزیشن اتحاد کا افطار ایک گٹھ جوڑ تھا جو اللہ کی عبادت کے بجائے عمران خان کی عداوت میں اکھٹے ہوئے،ایک سزا یافتہ خاتون نے پارلیمنٹ ہاؤس میں پارٹی اجلاس کی صدارت کی جو پارلیمنٹ کے ساتھ کھلا مذاق ہے۔
فردوس عاشق اعوان نے مولانافضل الرحمان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ عبادت کیساتھ عداوت اور سیاست بھی کرتے ہیں ،ان کے سینے میں عوام کا نہیں، اقتدار کا درد ہے، اقتدار سے دوری مولانا کو چین نہیں لینے دے رہی۔