ریاض: سعودی سرکاری خبر ایجنسی کے مطابق سعودی بادشاہ سلمان بن عبدالعزیز نے خلیجی ملکوں اور عرب لیگ کے ارکان کے لیے الگ، الگ سربراہی اجلاس 30 مئی کو مکہ میں طلب کیے ہیں جس میں حالیہ جارحیت اور اس کے نتائج پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر کا کہنا ہے کہ سعودی عرب جنگ نہیں چاہتا اور اس سے بچنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا لیکن ہمارے حریف نے جنگ کا انتخاب کیا تو مکمل قوت و عزم کے ساتھ اپنا دفاع کریں گے۔
متحدہ عرب امارات کا کہنا ہے کہ خلیجی اور عرب ممالک کا متفقہ لائحہ عمل وقت کا تقاضہ ہے۔ قطر جسے سعودی دعوت موصول نہیں ہوئی کہتا ہے کہ ایران اور امریکا میں کوئی بھی جنگ نہیں چاہتا۔ اگر خطے کی بچکانہ حکومتوں کی باتوں میں نہ آیا جائے تو تمام مسائل حل ہو جائیں گے۔