ممبئی: اداکار امیتابھ بچن اور رشی کپور کی ایک تصویر سوشل میڈیا پر اتنی تیزی سے وائرل ہو رہی ہے جس میں دونوں اداکار نہایت منفرد انداز میں نظر آرہے ہیں۔ یہ تصویر کسی فوٹو شوٹ کا حصہ نہیں ہے بلکہ 26 سال بعد ایک ساتھ کام کرنے کی ایک فلم کا حصہ ہے۔اس فلم میں یہ باپ اور بیٹے کا کردار کرتے نظر آئیں گے۔یہ دونوں کامیاب اداکار فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ نامی فلم میں کام کرنے جارہے ہیں جس کی شوٹنگ کا آغاز ہو چکا ہے۔اس فلم میں امیتابھ بچن 102 سالہ والد کا جبکہ رشی کپور ان کے 75 سالہ بیٹے کا کردار نبھاتے نظر آئیں گے۔
فلم ’102 ناٹ آؤٹ‘ کی کہانی ایک گجراتی ڈرامے پر مبنی ہے۔رشی کپور نے کئی سال بعد امیتابھ بچن کے ساتھ دوبارہ کام کرنے کیلئے وہ کتنے پر جوش ہے اس بات کا اظہار انھوں نے اپنی ایک ٹویٹ میں بھی کیا ہے۔ یہ دونوں معروف اداکار ’امر اکبر اینتھونی‘، ’کبھی کبھی‘، ’نصیب‘ اور ’قلی‘ جیسی فلموں میں ایک ساتھ اداکاری کےجوہر دکھا چکے ہیں۔فلم کے ہدایت کار امیش شکلا نے ممبئی مرر کو بتایا کہ ’امیتابھ بچن اور رشی کپور 26 سال بعد ایک ساتھ کام کرنے جارہے ہیں، یہ دونوں پہلی مرتبہ گجراتی کردار ادا کریں گے اور اس فلم میں ان کا لُک بھی کافی منفرد ہوگا‘۔