صوبے کے مسائل اب یہاں ہی حل ہوں گے:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بڑا اعلان

صوبے کے مسائل اب یہاں ہی حل ہوں گے:وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کا بڑا اعلان

کوئٹہ: وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر صوبے کے مسائل کو وفاقی وزراء اور سیکریٹریز کی موجودگی میں باقاعدہ طور پر ڈسکس کیا جائے گا، اور ان مسائل کو اب بلوچستان میں ہی حل کیا جائے گا۔

وزیراعلیٰ سرفراز بگٹی نے کوئٹہ میں وفاقی وزراء کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ روز وفاقی وزراء اور اعلیٰ حکام کے ساتھ صوبے کے مسائل پر تفصیلی اجلاس ہوا۔ اجلاس میں امن و امان سمیت 47 اہم نکات پر بات چیت کی گئی، اور فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی محکموں سے متعلق مسائل پر ہر دو ماہ بعد اجلاس کیے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے عوام کی طرف سے وزیراعظم اور وفاقی وزراء کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔ اب صوبے کے مسائل کی نشاندہی اور ان کے حل کے لیے تمام بات چیت یہاں ہی کی جائے گی۔

سرفراز بگٹی نے کہا کہ اجلاس میں لاپتہ افراد کے معاملے سمیت اہم قوانین پر بھی بات چیت ہوئی اور بعض فیصلے کیے گئے۔ وزیراعظم نے صوبے کے زمینداروں کے لیے سولر پینل سسٹم کا منصوبہ دیا ہے، جس میں وفاق 70 فیصد اور بلوچستان 30 فیصد حصہ ڈالے گا۔

وزیراعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ مشکاف میں مارے گئے دہشت گردوں کی لاشیں امانتاً دفنائی گئی ہیں، اور ڈی این اے کے ذریعے شناخت ہونے پر ان کی لاشیں ورثا کے حوالے کی جائیں گی۔