سی ٹی ڈی کی کارروائی: تھانہ آئی نائن حملے میں ملوث 2 دہشت گرد گرفتار

06:01 PM, 20 Mar, 2025

راولپنڈی/اسلام آباد: کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) نے راولپنڈی مغل مارکیٹ کے قریب اہم کارروائی کرتے ہوئے تھانہ آئی نائن پر حملے میں ملوث فتنہ الخوارج کے 2 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کر لیا۔

سی ٹی ڈی کے ترجمان نے بتایا کہ یہ دہشت گرد حمزہ اور رومان نامی افراد ہیں، جنہیں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے ذریعے حراست میں لیا گیا۔ دونوں دہشت گردوں نے راولپنڈی اور اسلام آباد میں دہشت گردی کی کارروائیوں کے لیے حساس مقامات کی ریکی مکمل کر رکھی تھی اور وہ افغانستان میں فتنہ الخوارج کے اہم کمانڈرز کے ساتھ رابطے میں تھے۔

گرفتاری کے دوران دہشت گردوں سے بڑی مقدار میں بارودی مواد، دستی بم، ڈیٹونیٹر، سیفٹی فیوز، اور دیگر تخریبی سامان برآمد کیا گیا ہے۔ سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔

ابتدائی تفتیش میں دہشت گردوں نے انکشاف کیا کہ وہ چند ماہ قبل تھانہ آئی نائن پر ہینڈ گرنیڈ سے حملہ کرنے میں بھی ملوث تھے۔ سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی تاکہ عوام کو مزید نقصانات سے بچایا جا سکے۔

مزیدخبریں