لاہور: عالمی اور مقامی مارکیٹوں میں سونے کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، جس کے نتیجے میں پاکستان میں فی تولہ سونا 1800 روپے کے اضافے سے نئی بلند ترین سطح تک پہنچ گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں خالص سونے کی بڑھتی ہوئی طلب، مہنگائی کے خدشات اور مختلف ممالک کی حکومتوں کی خریداری سرگرمیاں سونے کی قیمتوں میں اضافے کی بڑی وجوہات ہیں۔ عالمی بلین مارکیٹ میں فی اونس سونے کی قیمت 12 ڈالر بڑھ کر 3050 ڈالر کی نئی بلند ترین سطح تک پہنچ چکی ہے۔
مقامی مارکیٹ میں بھی عالمی اثرات کے باعث سونے کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، جس کے بعد 24 قیراط کے سونے کی فی تولہ قیمت 1800 روپے بڑھ کر 3 لاکھ 20 ہزار 800 روپے ہو گئی۔ اس کے ساتھ ہی فی 10 گرام سونے کی قیمت بھی 1543 روپے اضافے سے 2 لاکھ 75 ہزار 34 روپے تک پہنچ گئی۔
دوسری جانب، فی تولہ چاندی کی قیمت میں 31 روپے کی کمی آئی ہے اور یہ 3524 روپے پر آ گئی، جب کہ فی 10 گرام چاندی کی قیمت بھی 26 روپے کم ہو کر 3021 روپے پر آگئی۔