لاہور: معروف پاکستانی اداکار دانش تیمور نے اپنے 4 شادیوں کے حوالے سے دیے گئے بیان کی وضاحت کی ہے، جس پر سوشل میڈیا پر شدید ردِعمل آیا تھا۔
دانش تیمور نے حال ہی میں رمضان ٹرانسمیشن کے دوران اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ "مجھے 4 شادیوں کی اجازت خدا کی طرف سے ہے، لیکن فی الحال میں یہ نہیں کر رہا ہوں"۔ ان کے اس بیان میں لفظ "فی الحال" نے تنازعہ پیدا کر دیا، کیونکہ بہت سے سوشل میڈیا صارفین نے اسے اس طرح لیا کہ وہ مستقبل میں مزید شادیاں کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
اس معاملے پر وضاحت دیتے ہوئے دانش تیمور نے اپنے مداحوں کے لیے ایک ویڈیو پیغام جاری کیا۔ ویڈیو میں انہوں نے کہا کہ "میرے لیے 'فی الحال' کا مطلب ہے کہ اس وقت میں اس بارے میں کوئی بات نہیں کر رہا اور میں ہمیشہ حال میں جیتا ہوں، مستقبل کے بارے میں کم سوچتا ہوں۔" انہوں نے اس بات کا بھی اعتراف کیا کہ اگر ان کے الفاظ سے کسی کو تکلیف پہنچی تو وہ دل کی گہرائیوں سے معذرت خواہ ہیں۔
اس وضاحت کے بعد، ان کی اہلیہ عائزہ خان نے بھی اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے کہا، "میں تم سے بہت محبت کرتی ہوں، اللہ ہمیں ہمیشہ ساتھ رکھے۔"