اسلام آباد :پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما طارق فضل چوہدری نے کہا ہے کہ ملک کے اندرونی استحکام کو نقصان پہنچانے کے لیے سازشیں کی جا رہی ہیں اور بعض ناعاقبت اندیش عناصر ملک کی سلامتی کے لیے سنگین خطرہ بن چکے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ملک کو درپیش مشکلات کا مؤثر طریقے سے مقابلہ کرنے کے لیے قومی اتفاق رائے کی ضرورت ہے۔
طارق فضل چوہدری نے نیوز کانفرنس کے دوران کہا کہ عسکری قیادت نے قومی سلامتی کمیٹی کو مکمل بریفنگ فراہم کی ہے، اور حکومت ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان گزشتہ دو دہائیوں سے دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہا ہے اور اس جنگ میں 93 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے۔ تاہم، آج بھی بعض عناصر پاکستان کے اندرونی استحکام کو کمزور کرنے کے لیے سرگرم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں سیاست کی خاطر ریاست پر حملہ آور ہونے سے ملک کو نقصان ہو رہا ہے، اور ہم کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ طارق فضل چوہدری نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کسی بھی ملک دشمن بیانیے کو مسترد کریں اور پاکستان کے استحکام کے لیے حکومت کا ساتھ دیں۔