پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں: سردار ایاز صادق

پاکستان نے دہشتگردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں: سردار ایاز صادق

اسلام آباد:سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اس جنگ میں بھاری قیمت چکائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو دہشت گردی جیسے سنگین خطرات کا سامنا ہے، خاص طور پر افغانستان میں دہشت گردوں کی محفوظ پناہ گاہوں کے باعث۔

ایاز صادق نے ہارورڈ یونیورسٹی امریکہ کی طلبہ ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلسل نبرد آزما ہیں اور 90 ہزار سے زائد جانوں کا نذرانہ پیش کر چکے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان نے کئی بار افغان حکومت کو دہشت گرد تنظیموں کے خلاف شواہد فراہم کیے ہیں اور افغان سرزمین کے پاکستان کے خلاف استعمال کے معاملے کو اقوام متحدہ میں اٹھایا۔

اسپیکر نے مزید کہا کہ دنیا کو افغانستان میں دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہوں کا نوٹس لینا چاہیے اور اس آگ کا پھیلاؤ صرف پاکستان تک محدود نہیں، بلکہ پورے خطے کو متاثر کر سکتا ہے۔ ایاز صادق نے امریکی طلبہ کو پاکستان کے نقطہ نظر سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے پڑوسی ممالک کے ساتھ خوشگوار تعلقات کا خواہاں ہے اور افغان مہاجرین کا بوجھ طویل عرصے تک برداشت کیا ہے۔

انہوں نے یہ بھی کہا کہ سوشل میڈیا پر پاکستان کے اصل چہرے کو مسخ کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، جب کہ حقیقت میں پاکستان کا تشخص تب ہی سمجھا جا سکتا ہے جب آپ یہاں آئیں اور پاکستان کی حقیقت کو قریب سے دیکھیں۔