فن لینڈ خوش ترین ملک، افغانستان سب سے ناخوش: ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2025

فن لینڈ خوش ترین ملک، افغانستان سب سے ناخوش: ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2025

اسلام آباد:  ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ 2025 میں فن لینڈ نے دنیا کا خوش ترین ملک ہونے کا اعزاز دوبارہ حاصل کیا ہے، جبکہ افغانستان سب سے زیادہ ناخوش ملک قرار پایا ہے۔

رپورٹ میں پاکستان کو 109 واں، بھارت کو 118 واں، اور دیگر پڑوسی ممالک میں سری لنکا کو 133 واں، بنگلہ دیش کو 134 واں، نیپال کو 92 واں اور چین کو 68 واں نمبر دیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق، فن لینڈ مسلسل دوسرا سال خوشی کے لحاظ سے سر فہرست ہے، جب کہ ڈنمارک دوسرے اور آئس لینڈ تیسرے نمبر پر ہے۔

ورلڈ ہیپی نیس رپورٹ ویلبینگ ریسرچ سنٹر اور یونیورسٹی آف آکسفورڈ کے اشتراک سے تیار کی گئی ہے، جس میں مختلف سماجی، جسمانی اور جذباتی عوامل کی بنیاد پر ممالک کی درجہ بندی کی گئی ہے۔

رپورٹ میں امریکہ کی تنہائی اور بڑھتی ہوئی ناخوشی پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا ہے۔ امریکہ اپنی اب تک کی سب سے نچلی پوزیشن 24 ویں نمبر پر آ گیا ہے۔ اس کی وجہ امریکی شہریوں کی اکیلے کھانے کی عادت میں اضافہ بتائی گئی ہے، جو خوشی کی کمی کا سبب بن رہی ہے۔ برطانیہ بھی 23 ویں نمبر پر آ گیا ہے، جو اس کی 2017 کے بعد سب سے کم درجہ بندی ہے۔

دنیا کے سب سے ناخوش ممالک میں افغانستان سب سے نیچے ہے، اس کے بعد سیرا لیون اور لبنان ہیں۔