بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر امریکا کا ردعمل دینے سے انکار

بانی پی ٹی آئی سے متعلق سوال پر امریکا کا ردعمل دینے سے انکار

واشنگٹن: امریکا نے بانی پی ٹی آئی عمران خان سے متعلق سوال پر کسی بھی قسم کا ردعمل دینے سے انکار کر دیا۔

بدھ کے روز امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان ٹیمی بروس نے میڈیا بریفنگ کے دوران بانی پی ٹی آئی  عمران خان کے بارے میں پوچھے گئے سوالات کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ وہ کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات پر بات نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا، "چاہیں تو وائٹ ہاؤس سے بھی پوچھ لیں، ہم اس پر تبصرہ نہیں کریں گے۔"

ٹیمی بروس نے مزید کہا کہ امریکا کو دنیا کے معاملات میں دلچسپی ہے اور وہ اپنے پڑوسیوں کے حالات پر بھی نظر رکھتا ہے، تاہم اس وقت وہ صرف عالمی سطح پر ہونے والی اہم تبدیلیوں پر فوکس کر رہا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی ترجمان نے امریکا میں داخلے پر پابندی عائد کرنے کے لیے کسی بھی فہرست کی تشکیل کی تردید بھی کی۔ ٹیمی بروس نے کہا کہ اس قسم کی کوئی فہرست موجود نہیں ہے اور جو معلومات میڈیا میں آ رہی ہیں وہ غلط ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ صدر ٹرمپ کے حکم پر امریکا کی سلامتی کے لیے جائزہ لیا جا رہا ہے کہ ویزا مسائل کو کس طرح حل کیا جائے اور کس کو داخلے کی اجازت دینی ہے۔ اس جائزے کے مکمل ہونے کے بعد اس پر بات کی جائے گی۔

خیال رہے کہ  عالمی ذرائع ابلاغ نے رپورٹ کیا تھا کہ ٹرمپ انتظامیہ اپنے سابقہ دور کی طرح بعض ممالک، بشمول افغانستان اور پاکستان، پر سفری پابندیاں عائد کرنے پر غور کر رہی ہے۔

مصنف کے بارے میں