راولپنڈی : چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے دور میں افغان حکومت کے ساتھ ایسے حالات کبھی پیدا نہیں ہوئے حکومت کی ناقص فارن پالیسی کے باعث ایسے حالات بن رہے ہیں۔
اڈیالہ جیل کے باہر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات میں سیاسی معاملات پر گفتگو ہوئی ہے، افغانستان کے ساتھ معاملے پر بانی پی ٹی آئی کو تحفظات ہیں افغانستان کے ساتھ پی ٹی آئی کے دور حکومت میں ایسے حالات کبھی پیدا نہیں ہوئے حکومت کی ناقص فارن پالیسی کے باعث ایسے حالات بن رہے ہیں۔
گوہر علی کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی میں چیئرمین پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے لیے شیر افضل مروت کو امیدوار نامزد کیا ہے، اسپیکر قومی اسمبلی کو شیر افضل مروت کی نامزدگی کے حوالے سے خط لکھیں گے، قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل ہی اکثریتی پارٹی ہے ہم مطالبہ کریں گے ہمیں اپوزیشن دی جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ امریکا میں آئی ایم ایف کے خلاف احتجاج اوورسیز پاکستانیوں نے کیا ہے ہم نے نہیں۔ ہم نے کسی کو یہاں سے احتجاج کیلئے آرگنائز کرکے نہیں بھیجا ہم نے آئی ایم ایف کو یاد دہانی کیلئے خط لکھا تھا۔
بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ مخصوص نشستوں پر ہمارا متفقہ موقف ہے آرٹیکل 51 کے مطابق کسی بھی سیاسی جماعت کو اس کی جیتی ہوئی نشستوں سے زیادہ نشستیں نہیں مل سکتیں ۔ہم سے نشستیں لے کر کسی اور پارٹی کو نشستیں دی گئیں کے پی میں تین سیاسی جماعتوں نے 17 نشستیں حاصل کیں جس پر انہیں مزید 27 نشستیں دی گئیں۔