لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس: مزید دو کیسز میں بانی پی ٹی آئی سمیت 11 ملزمان بری

لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس: مزید دو کیسز میں بانی پی ٹی آئی سمیت 11 ملزمان بری

اسلام آباد: ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے لانگ مارچ توڑ پھوڑ کیس مزید دو کیسز میں بانی پی ٹی آئی سمیت 11 ملزموں کو بری کر دیا۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد ن کے جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال رابجھا نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے تھانہ بارہ کہو میں درج 2 مقدمات میں عمران خان، شیخ رشید، شاہ محمود قریشی، فیصل جاوید، سیف اللہ نیازی، عامر محمود کیانی، پرویز خٹک، شیریں مزاری، اسد عمر، علی نواز اعوان اور راجا خرم نواز سمیت 11 ملزمان کو بری کردیا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے گزشتہ روز بریت کی درخواست پر دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، ملزمان کی جانب سے سردار مصروف خان اور آمنہ علی نے دلائل دیے تھے۔

عدالت نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان پر لانگ مارچ کے دوران لوگوں کو اکسانے کا الزام ہے، اگر پبلک کو بانی پی ٹی آئی و دیگر نے اکسایا تو پراسیکیوشن کو بادی النظر میں ثابت بھی کرنا ہو گا۔

جوڈیشل مجسٹریٹ صہیب بلال نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی و دیگر کے خلاف کوئی ثبوت عدالت میں جمع نہیں کروایا گیا، ان کے خلاف کیس چلانے کے لیے ریکارڈ ناکافی ہے۔

عدالت نے کہا کہ پراسیکیوشن کی جانب سے جمع کروایا گیا ریکارڈ بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان پر جرم ثابت کرنے کے لیے مضبوط نہیں، بانی پی ٹی آئی و دیگر ملزمان کو تھانہ بارہ کہو میں درج دو مقدمات میں بری کیا جاتا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے لانگ مارچ کے دوران توڑپھوڑ کے 2 کیسز میں عمران خان کی بریت کی درخواست منظور کرلی تھی۔جوڈیشل مجسٹریٹ شائستہ کنڈی نے محفوظ کیا گیا فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کو 2 مقدمات میں بری کر دیا تھا۔

مصنف کے بارے میں