عمران خان کی سپریم کورٹ میں عام انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست

01:01 PM, 20 Mar, 2024

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: سابق وزیراعظم و بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان نے 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کی تحقیقات کے لیے جوڈیشل کمیشن تشکیل دینے کی درخواست سپریم کورٹ میں جمع کردی۔

عمران خان کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی جس میں استدعا کی گئی ہے کہ سپریم کورٹ کے غیر جانبدار حاضر سروس ججز پر مشتمل جوڈیشل کمیشن تشکیل دیا جائے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات اور اس کے نتائج کی غیرجانبدارانہ تحقیقات کرے۔ جوڈیشل کمیشن عام انتخابات کا آڈٹ اوراس کے بعد آنے والے نتائج کا آڈٹ کرے۔

عمران خان کی جانب سے دائر درخواست میں مزید استدعا کی گئی کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ آنے تک وفاق اور پنجاب میں حکومتی تشکیل کے اقدامات کو معطل کیا جائے، ملک میں بننے والی وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو فوری کام سے روکا جائے۔

بانیٔ پی ٹی آئی نے سپریم کورٹ آف پاکستان سے استدعا کی ہے کہ جوڈیشل کمیشن کی رپورٹ کو پبلک کیا جائے۔

مزیدخبریں