لاہور: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا ٹائٹل جیتنے والے لاہور قلندرز کے کپتان اور پلیئر آف دی فائنل شاہین آفریدی نے کہا ہے کہ میں نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کو خود فون کر کے افغانستان کی سیریز میں آرام مانگا تھا۔
تفصیلات کے مطابق شاہین شاہ آفریدی نے بابر اعظم اور محمد رضوان کا نام لینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ ہم تینوں نے پی سی بی سے آرام مانگا تھا اور ہم نے بورڈ سے بھی بات کی ہے۔
پاکستان ٹیم کے اعلان کے بعد پہلی بار کسی کھلاڑی نے اس حساس اور سنجیدہ معاملے پر لب کشائی کی ہے اور شاہین آفریدی کے اس بیان کے بعد ان قیاس آرائیوں کا خاتمہ ہوا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ پی سی بی نے سینئر کھلاڑیوں کو زبر دستی ریسٹ کرایا ہے جبکہ شاہین آفریدی افغانستان سیریز میں کپتانی کیلئے امیدوار تھے۔
شاہین آفریدی کا کہنا تھا کہ ہماری توجہ ایشیا کپ اور ورلڈکپ پر ہے، ون ڈے کرکٹ کھیلنا چاہتے ہیں اور نیوزی لینڈ کی سیریز میں ایکشن میں نظر آئیں گے، پاکستان میں فاسٹ باؤلرز کی بڑی تاریخ رہی ہے، اس پی ایس ایل کی کارکردگی سے زمان خان اور احسان اللہ کو پاکستان ٹیم میں موقع ملا۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ ان نوجوان فاسٹ باؤلرز نے جس طرح پی ایس ایل میں کارکردگی دکھائی اسی طرح وہ افغانستان کی سیریز میں پاکستان کیلئے کارکردگی دکھائیں گے اور پاکستانی فاسٹ باؤلنگ کا کور مضبوط ہو گا۔