اسلام آباد: وفاقی حکومت اور سپریم کورٹ نے رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر کے نئے اوقات کار جاری کر دئیے ہیں اور اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے دوران پیر سے جمعرات تک وفاقی سرکاری دفاتر صبح ساڑھے سات بجے سے ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے جبکہ جمعہ کو ساڑھے سات بجے سے دوپہر 12 بجے تک آفس کھلے رہیں گے۔
اسی طرح سپریم کورٹ نے بھی رمضان المبارک کیلئے عدالتی اوقات کار جاری کردیئے ہیں جس کے نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ سپریم کورٹ کے اوقات کار پیر سے ہفتہ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے دوپہر ڈیڑھ بجے تک ہوں گے جبکہ جمعہ کو سپریم کورٹ صبح ساڑھے آٹھ بجے سے 12 بجے تک مقدمات پر سماعت کرے گی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق انتہائی اہم نوعیت کے کیسز پر درخواست آفیشل اوقات کار کے ختم ہونے سے ایک گھنٹے تک وصول کی جائے گی، ان ہدایات پر سپریم کورٹ کی لاہور، کراچی، پشاور اور کوئٹہ رجسٹریز میں بھی پابندی کی جائے گی۔
رمضان المبارک کے دوران سرکاری دفاتر اور سپریم کورٹ کے نئے اوقات کار جاری
05:44 PM, 20 Mar, 2023