درگئی : وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں عوام چوروں کے ساتھ نہیں بلکہ تحریک انصاف کو ووٹ دیں گے۔ باشعور نوجوان اس جماعت کے ساتھ چلیں گے جو پاکستان کے ساتھ ہے۔
درگئی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ایک طرف پاکستان کے سب سے بڑے ڈاکو اکٹھے ہوگئے ہیں جبکہ دوسری طرف وہ لوگ ہیں جنہوں نے 25 سال ان ڈاکوؤں کے خلاف جدوجہد کی ہے۔ ان ڈاکوؤں نے چوری کے پیسے سے ہمارے ایم این ایز کو خریدنے کی کوشش کی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں فیصلہ کن وقت آگیا ہے ۔ ایک لوٹا ہوتا ہے اور ایک ضمیر فروش ہوتا ہے۔ لوٹا وہ ہوتا جدھر اقتدار ہو ادھر چلا جاتا ہے جبکہ ضمیر فروش وہ ہوتا جواپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔ یہ لوٹے نہیں بلکہ ضمیر فروش ہیں۔ سب کے سامنے ضمیروں کا سودا ہو رہا ہے اور عدلیہ اور الیکشن کمیشن چپ چاپ دیکھ رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن مجید میں اچھائی کے ساتھ اور برائی کے خلاف کھڑا ہونے کا حکم دیا ہے ۔اللہ تعالیٰ نے نیوٹرل رہنے سے منع کیا ہے۔