لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے تاریخ عمران خان کو جھوٹے، ناکام، کرپٹ اور بدزبان شخص کے طور پر یاد رکھے گی۔
تفصیلات کے مطابق شہباز شریف نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں لکھا ’عوام نے آٹا، چینی، دوائی اور ان کی ترقی لوٹنے والے عمران مافیا کو مسترد کر دیا ہے۔ وہ تاریخ کی کرپٹ ترین حکومت کو ایک منٹ مزید برداشت کرنے کو تیار نہیں۔ ساڑھے تین سال میں 22 برس کے اپنے دعوے پر یوٹرن لینے والے کا نام عمران نیازی ہے۔‘
ایک اور ٹویٹ میں انہوں نے لکھا ’مسلسل بے ضمیری کا مظاہرہ کرنے والا آج اقتدار جاتا دیکھ کر اخلاق اور اصولوں کے پیچھے چھپنے کی بزدلی دکھا رہا ہے۔ جتنی بڑی بڑی باتیں کیں، اتنے ہی کم ظرف طرز عمل کا مظاہرہ کیا۔ بدترین مہنگائی، بے روزگاری اور ہر محاذ پر ناکامیوں کے ریکارڈ عوام بھول سکتے ہیں اور نہ ہی پاکستان۔‘