خاتون اسسٹنٹ کمشنر حملے میں زخمی

08:57 AM, 20 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

مانسہرہ: خیبر پختونخوا کے ضلع مانسہرہ میں خاتون اسسٹنٹ کمشنر  پر کار سوار ملزمان نے حملہ کر دیا جس میں وہ زخمی ہو گئیں اور ایک پولیس اہلکار کا بازو فریکچرہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق  تین ملزمان نے مانسہرہ کے علاقے غازی کوٹ میں اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک پر حملہ کر دیا ۔ملزمان نے لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کی گاڑی کو کئی بار اوور ٹیک کرنے کے بعد  روکا ، جس کے بعد گارڈز اور ملزمان کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی اور لیڈی اسسٹنٹ کمشنر کو گولی مارنے کی دھمکی دیتے ہوئے ملزمان میں سے ایک شخص نے کہا کہ   یہ خاتون ہوکر ہم پر اے سی تعینات ہوئی، ہم کسی خاتون کو اے سی یا ڈی سی نہیں مانتے۔

جھگڑے کے دوران لیڈی اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک کا ہاتھ زخمی ہوگیا جبکہ ایک  پولیس اہلکار بازو ٹوٹ گیا ۔ ملزمان اس دوران  خاتون اسسٹنٹ کمشنر کی تصاویر اور ویڈیو بھی بناتے رہے ۔ تاہم بعد ازاں موقع پر موجود افراد نے تینوں ملزمان کو پکڑ کر پولیس کے حوالے کر دیا۔

خاتون اسسٹنٹ کمشنر  کی درخواست پر پولیس نے تھانہ سٹی میں ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کرتے ہوئے  واقعے کی  تحقیقات کا آغاز  کر دیا ہے۔

واضح رہے کہ خاتون اسسٹنٹ کمشنر ماروی شیر ملک کی دیگر  چار بہنیں بھی سی ایس ایس کرنے کے بعد مختلف سرکاری عہدوں پر کام کر رہی ہیں۔
 

مزیدخبریں