لاہور: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے منحرف رہنما رمیش کمار نے وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کیخلاف درخواست دیدی۔
منحرف پی ٹی آئی رہنما رمیش کمار کی جانب سے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) اور پولیس کو دی جانے والی درخواست میں مؤقف اپنایا گیا ہے کہ شہباز گل نے لائیو شو میں گالم گلوچ کی اور الزامات لگائے ، انہوں نے میرا نمبر پی ٹی آئی سپورٹرز کو دیا اب جان سے مارنے کی دھمکیاں مل رہی ہیں۔
پی ٹی آئی کے منحرف رہنما نے درخواست میں الزام عائد کیا کہ شہباز گل کے کہنے پر میرے خلاف مہم چلائی جا رہی ہے، مجھے اور میری فیملی کو مختلف افراد کی طرف سے ہزاروں دھمکی آمیز فون کالز کو آ رہی ہیں اور ہراساں کیا جا رہا ہے۔
رمیش کمار نے استدعا کی کہ شہباز گل اور دیگر کیخلاف فوری کارروائی کرتے ہوئے مقدمات درج کیے جائیں، انہوں نے اپنی درخواست میں پولیس سیکورٹی دینے کا بھی مطالبہ کیا۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نجی ٹی وی کے لائیو شو کے دوران شہباز گل پی ٹی آئی کے منحرف رہنما رمیش کمار کیخلاف غیر پارلیمانی زبان کا استعمال کرتے ہوئے پھٹ پڑے تھے ۔