وزیراعظم کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص

08:10 PM, 20 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ رپورٹ مثبت آنے پر خاتون اول نے بھی خود گھر میں قرنطینہ کر لیا۔ 

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ اپنی ٹوئٹ میں ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ پاک وزیراعظم اور خاتون اول کو شفا عطا فرمائے۔

انہوں نے لکھا کہ ویکسین محفوظ ہے اس کا استعمال کریں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کا شکار ہونے سے چند روز قبل ویکسین لگوا چکے ہیں۔ خود ویکسین لگوائیں اور اپنے پیاروں کو بھی لگوائیں اس کے ساتھ جعلی خبروں کے ساتھ لڑائی لڑیں۔

وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق وزیراعظم کی طبعیت بہتر ہے اور وہ ہشاش بشاش ہیں اور ان میں کورونا کی علامات بہت معمولی نوعیت کی ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے دو دن پہلے  عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائی تھی۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔ 

وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پر اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دعا ہےعمران خان جلدکورونا سے صحت یاب ہوں۔ ہمیں بطور لیڈر احتیاطی تدابیر اختیارکرنی چاہیے اور ماسک پہننا چاہیے۔

وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔ 

مزیدخبریں