اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے بعد ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہو گئی۔ رپورٹ مثبت آنے پر خاتون اول نے بھی خود گھر میں قرنطینہ کر لیا۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے اوورسیز پاکستانیز ذلفی بخاری نے ان کے کورونا میں مبتلا ہونے کی تصدیق کی۔ اپنی ٹوئٹ میں ذلفی بخاری کا کہنا تھا کہ اللہ پاک وزیراعظم اور خاتون اول کو شفا عطا فرمائے۔
Wishing our First Lady & PM @ImranKhanPTI a speedy recovery.
— Sayed Z Bukhari (@sayedzbukhari) March 20, 2021
May Allah give them both shifa.
Vaccines are safe & must be taken, #PMIK had his first shot just a day ago, before which he was exposed already.
Please do get yourself & loved ones vaccinated and fight the fake news! pic.twitter.com/kh7HvD2Qv5
انہوں نے لکھا کہ ویکسین محفوظ ہے اس کا استعمال کریں کیونکہ وزیراعظم عمران خان کورونا وائرس کا شکار ہونے سے چند روز قبل ویکسین لگوا چکے ہیں۔ خود ویکسین لگوائیں اور اپنے پیاروں کو بھی لگوائیں اس کے ساتھ جعلی خبروں کے ساتھ لڑائی لڑیں۔
وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان کے مطابق وزیراعظم کی طبعیت بہتر ہے اور وہ ہشاش بشاش ہیں اور ان میں کورونا کی علامات بہت معمولی نوعیت کی ہیں۔
خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان میں بھی کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد سے وہ قرنطینہ میں ہیں۔وزیراعظم عمران خان نے دو دن پہلے عالمی وباء کورونا وائرس سے بچاؤ کے لیے ویکسین لگوائی تھی۔ اس حوالے سے وزیراعظم آفس کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی تھی۔
وزیراعظم کی جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم کا کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد جلد صحت یابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بھی وزیراعظم عمران خان کے کورونا سے جلد صحت یابی کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔
دوسری طرف پاکستان مسلم لیگ ن کے جنرل سیکرٹری احسن اقبال نے بھی وزیراعظم عمران خان کی جلد صحت یابی کے لیے دعا کی ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر پر اپنے بیان میں احسن اقبال کا کہنا تھا کہ دعا ہےعمران خان جلدکورونا سے صحت یاب ہوں۔ ہمیں بطور لیڈر احتیاطی تدابیر اختیارکرنی چاہیے اور ماسک پہننا چاہیے۔
وزیراعظم میں کورونا کی تشخیص کے بعد بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا ہے۔