قطر نے ورکرز کی کم سے کم تنخواہ ایک ہزار ریال مقرر کر دی

07:42 PM, 20 Mar, 2021

دوحہ: قطر میں کام کرنے کے خواہش مند افراد کے لئے خوش خبری آ گئی۔ تمام ورکرز کے لیے کم سے کم تنخواہ ایک ہزار قطری ریال (تقریباً 43 ہزار پاکستانی روپے) مقرر کر دی گئی۔ 

قطری میڈیا کے مطابق لیبر اور سماجی بہبود کی وزارت کی جانب سے نئے قانون کے نفاذ کا حکم نامہ جاری کیا گیا ہے۔ نئے قانون کے تحت کم سےکم تنخوا کا اطلاق 30 اگست سے تمام نئے ہونے والے معاہدوں اور موجودہ تمام معاہدوں پر بھی ہوگا۔

رپورٹ کے مطابق  ملازمین کو رہائش اور کھانا بھی فراہم کرنا ہوگا، یا پھر  اسے  اضافی 800 قطری ریال (تقریباً34 ہزار روپے) ادا کرنے ہوں گے۔ اس سے قبل قطر میں عارضی طور پر کم سے کم ماہانہ تنخواہ 750 ریال (32 ہزار روپے) مقرر  تھی۔

وزارت محنت کے مطابق  نئے قوانین  سے مقامی معیشت میں نہ صرف سرمایہ کاری بڑھے گی بلکہ اقتصادی ترقی میں بھی اضافہ ہوگا۔

خیال رہے کہ قطر کی تقریباً 27 لاکھ آبادی میں سے صرف 3 لاکھ قطری شہری ہیں اور بقیہ افراد بسلسلہ روزگار قطر میں مقیم ہیں۔ انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن کے مطابق نئے قانون سے 4لاکھ سے زائد ملازمین کو براہ راست فائدہ ہوگا۔

قطری حکام کے مطابق 5 ہزار سے زائد کمپنیاں پہلے ہی نئے لیبر قانون کے تحت اپنے پیرول سسٹم میں تبدیلیاں کر چکی ہیں۔

واضح رہے کہ 2022 میں قطر میں فٹبال ورلڈ کپ ہونا ہے اور اس سلسلے میں تیزی سے تعمیراتی کام کیے جا رہے ہیں تاہم ملازمین کے حقوق اور سہولیات کے حوالے سے قطر پر سخت تنقید کی جاتی رہی تھی۔ 

مزیدخبریں