وزیر اعظم عمران خان کے بعد ایک اور اہم شخصیت کا کورونا ٹیسٹ مثبت آگیا 

Global pandemic, deadly virus, Pakistan, NCOC, lockdown

اسلام آباد:وزیر اعظم عمران خان کے بعد ایک اور اہم شخصیت کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ، سابق مشیر وزیراعظم اور مسلم لیگ(ن) کے نو منتخب سینیٹر عرفان صدیقی کورونا وبا کا شکار ہو گئے ۔

ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے اس حوالے سے کہا ہے کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد عرفان صدیقی نے خود کو گھر پر قرنطینہ کر لیا ہے،سینیٹر عرفان صدیقی نے عوام اور دوست احباب سے دعا کی درخواست کی ہے۔

اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کا بھی کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا تھا،سینیٹرشبلی فراز نے وزیر اعظم عمران خان کی صحت سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اس میں کوئی شق نہیں وزیر اعظم خود کوبہت فٹ رکھتے ہیں ،وزیرا عظم بہت زیادہ احتیاط بھی کرتے ہیں ،صرف سلیکٹڈ لوگوں سے ہی ملتے ہیں،انہوں نے کہا وزیراعظم جیسے انتہائی فٹ رہنے والےافراد بھی اس وائرس سے متاثر ہوئےہیں ،اس لیےعوام کو ایس او پیز پر سختی سے عملدر آمد کرتے ہوئے احتیاط برتنی چاہیے۔

واضح رہے اس سے قبل وفاقی وزیراسدعمرنے کورونا کی تیسری لہر سے عوام کو خبر دار کرتے ہوئے کہا کہ عالمی وبا کی تیسری لہر پہلی دو لہروں سے کہیں زیادہ خطرناک ہے ،کورونا کی موجودہ لہر لندن کے وائرس کا نیاورژن ہے،اس وائرس سے اگر خاندان کا ایک فرد متاثر ہو تو باقی بھی ہو جاتے ہیں،بہت سے لوگ ایسے ہیں جنہیں دوسری بار بھی کورونا ہوا ہے،اسد عمر کا کہنا تھا کہ پاکستان میں کورونامریضوں کی تعداد میں اضافہ کے پیش نظر مختلف فیصلے کر رہے ہیں۔